تازہ ترین

ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، پاکستان مضبوط ملک بن چکا: وزیراعظم

0

اسلام آباد: یومِ آزادی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں ایک مضبوط، پُرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں پاکستان اور بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج وطنِ عزیز کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے کے پُرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تحریک آزادی میں قائداعظم محمد علی جناح، مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال اور دیگر عظیم رہنماؤں نے تاریخی کردار ادا کیا۔ قوم آج آزادی کی جدوجہد میں حصہ لینے والے رہنماؤں، کارکنوں اور اپنے اسلاف کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی مدبرانہ قیادت، ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں، تحریک آزادی کے رہنماؤں کے غیرمتزلزل عزم اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آزاد وطن کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔ ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں اور مشکلات برداشت کیں اور بالآخر 14 اگست 1947 کو پاکستان ایک آزاد مملکت کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی سرزمین ہے جہاں تمام شہری آزادی، عزت و وقار اور اپنی دینی و تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں، جبکہ آئین اور قوانین ملک کے تمام شہریوں کے حقوق کے ضامن ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر روشن مستقبل کی جانب جاری ہے۔ دفاع، معیشت، صنعت، عدلیہ، میڈیا، کھیل، تعلیم، ہنر، سائنس، زراعت اور دیگر شعبوں میں پاکستانی مرد و خواتین نے اپنی صلاحیتوں اور محنت سے ملک کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوان، ہنرمند افرادی قوت، پیشہ ور ماہرین، محنتی کسان اور مزدور پاکستان کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ حکومت نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران مشکل مراحل طے کرکے معیشت کو استحکام کی جانب گامزن کیا ہے اور اب ملک ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے۔

شہباز شریف کے مطابق گزشتہ دو برس کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو حکومتی پالیسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کا اظہار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی و زرعی ترقی، عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع اور عالمی معیار کے تعلیم و ہنر کے نظام کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے پاک فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے ہر مشکل گھڑی میں دشمن کے ہر وار کا جواب دیتے ہوئے ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر ثابت کیا۔ معرکۂ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں اتحاد، عزم اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن کے دفاع اور سربلندی کی نئی تاریخ رقم کی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے تزویراتی کردار اور ابھرتی ہوئی قوت کا اہم مظہر ہے۔

انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مظلوم فلسطینیوں اور کشمیری عوام کی اصولی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا راستہ مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں، عالمی قوانین اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق سفارتی حل میں پوشیدہ ہے۔

وزیراعظم نے یومِ آزادی کے موقع پر مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں، غازیوں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی مقروض ہے جنہوں نے ملک و قوم کے مستقبل کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن، استحکام، باہمی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے لیے متحد ہو کر کام کرے۔

شہباز شریف نے تمام طبقات اور سیاسی جماعتوں کو بھی ملکی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مل کر تعمیری کردار ادا کرنے کی دعوت دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دنیا میں عزت و وقار کی علامت بنائے اور مزید کامیابیوں سے نوازے۔ آمین۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.