اسلام آباد: یومِ آزادی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی جوش و جذبے کی بڑی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جہاں ڈی چوک 12 سال کے طویل وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر خصوصی سٹی پریڈ کی میزبانی کرے گا۔
یومِ آزادی کی مناسبت سے آج شام 5 بجے ڈی چوک اسلام آباد میں خصوصی سٹی پریڈ منعقد ہوگی، جس میں شہریوں کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ 12 سال بعد ڈی چوک ایک مرتبہ پھر قومی جشن اور رونق کا مرکز بننے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر ڈی چوک میں خصوصی تقریب منعقد کی جا رہی ہے، جس میں شہری اپنے اہل خانہ کے ساتھ شریک ہو کر آزادی کی خوشیاں منائیں اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
وزیر داخلہ نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس قومی تقریب کا حصہ بنیں اور اپنے پیارے وطن کے لیے محبت، فخر اور اتحاد کے جذبات کا اظہار کریں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ خصوصی سٹی پریڈ آج شام 5 بجے ڈی چوک میں ہوگی۔ انہوں نے شہریوں کو تقریب میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ شام پانچ بجے ڈی چوک میں موجود ہوں۔
وزیر داخلہ نے اپنے پیغام کے اختتام پر پاکستان ہمیشہ زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔