اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کا اہم دورہ مکمل کرلیا، دورے کے دوران انہوں نے ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جبکہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، خطے کی صورتحال اور امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورہ ایران کے دوران محسن نقوی کی ایرانی سلامتی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی سے بھی اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے میں جاری صورتحال سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر محسن رضائی نے پاکستان کو مسلم دنیا کا عظیم اثاثہ قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل محسن نقوی نے دورہ ایران کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے ایرانی صدر پزشکیان کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ ملاقات کے دوران پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان ہونے والے دفاعی معاہدے سے بھی ایرانی قیادت کو آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر امن مذاکرات کی قیادت کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں عالمی رہنماؤں سے مسلسل رابطے میں ہیں، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی سفارتی سطح پر ان کی معاونت کر رہے ہیں۔
دورہ مکمل کرنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران سے وطن واپس پہنچ گئے۔