تازہ ترین

نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ، تعلیم، ہنر اور روزگار ترجیح ہے: شہباز شریف

0

اسلام آباد: پاکستان میں نوجوانوں کے لیے روزگار، جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر ملک کی پہلی قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل قرار دے دیا۔

وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں بااختیار بنانے کے لیے تعلیم، جدید مہارتوں اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔

تقریب کے دوران وزیراعظم نے دانش اسکول کے پوزیشن ہولڈرز میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے اور ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے طالب علم محمد قاسم کی خصوصی پذیرائی کی۔ محمد قاسم کے والد گنے کے رس کی ریڑھی لگاتے ہیں۔ وزیراعظم نے طالب علم سے ملاقات کرکے اس کی حوصلہ افزائی کی، جبکہ رانا مشہود نے بھی محمد قاسم کی کامیابی کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غریب خاندانوں کے بچوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ اسی مقصد کے تحت دانش اسکول قائم کیے گئے، جن کا معیار کسی صورت ایچی سن سے کم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دانش اسکولز کا منصوبہ اب صرف پنجاب تک محدود نہیں رہے گا بلکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ بلوچستان میں بھی ایسے ادارے قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں آئندہ سال کلاسز کا آغاز ہوگا۔

وزیراعظم نے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (AI) کی تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے بھی اہم اعلانات کیے۔ ان کے مطابق اے آئی کی تعلیم کے لیے نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجا جائے گا اور تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی، جبکہ امیدواروں کا انتخاب مکمل میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ اے آئی پروگرام میں 35 فیصد مواقع خواتین کے لیے مختص کیے جائیں گے، جبکہ ایک ہزار طلبہ و طالبات کو اسکالرشپ پر چین بھی بھیجا جائے گا تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعلیم حاصل کرسکیں۔

لیپ ٹاپ اسکیم کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں میں لیپ ٹاپ مکمل میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے گئے اور کسی مرحلے پر سیاسی وابستگی کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے سفارش پر لیپ ٹاپ دیے جانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’سفید جھوٹ‘ قرار دیا اور کہا کہ اگر ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش پر دیا گیا ہو تو وہ اس کے ذمہ دار ہوں گے۔

وزیراعظم نے تقریب کے دوران معروف پاکستانی آئی ٹی ماہر ارفع کریم کا بھی خصوصی ذکر کیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید شعبوں میں آگے بڑھ کر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب میں وفاقی وزرا احسن اقبال، عطا تارڑ، اویس لغاری، عون چوہدری، وجیہہ اکرم اور رانا مشہود سمیت دیگر شخصیات، غیر ملکی سفیروں، ارکان پارلیمنٹ اور کاروباری نمائندوں نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.