وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جو بات کی تھی، اس کا جواب دے دیا گیا ہے اور اب یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سمیت تمام اہم سیاسی معاملات پر اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہیے، جبکہ اس حوالے سے بحث اور مشاورت کے لیے پارلیمنٹ موزوں ترین فورم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی معاملات پر اتفاق رائے کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، اس لیے اسی طرز عمل کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اتفاق رائے سے کیے گئے فیصلے دیرپا ہوتے ہیں اور تمام اہم معاملات میں یہی طریقہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حامی ہیں، تاہم وہ سندھ کی تقسیم کے مخالف ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پارلیمنٹ میں غور و خوض ہونا چاہیے، جبکہ عوام سے رائے لینے کے لیے ریفرنڈم بھی ایک ذریعہ ہو سکتا ہے، تاہم اس کا فیصلہ بھی اتفاق رائے سے کیا جانا چاہیے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی کوشش ہے کہ تمام اہم فیصلے باہمی اتفاق رائے سے کیے جائیں۔
سیاسی قیدی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ عدالتی سزا پانے والے کسی شخص کو سیاسی قیدی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں کامیابی ملک کے لیے ناگزیر ہے اور پوری قوم کو مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کوہلو میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی دکھ کا معاملہ قرار دیا۔
مولانا فضل الرحمان کے شہدا سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ اس حوالے سے دیا گیا بیان مناسب نہیں تھا۔ شہدا پوری قوم کے محسن ہیں اور ان کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
خواجہ سعد رفیق سے متعلق سوال پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اختلاف رائے ہر فرد کا حق ہے، تاہم خواجہ سعد رفیق کوئی الگ سیاسی دھڑا نہیں بنا رہے۔