بلوچستان کی صوبائی کابینہ میں توسیع کے بعد جماعت اسلامی بھی صوبائی حکومت کا حصہ بن گئی، جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر اور حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سمیت مسلم لیگ (ن) کے نوابزادہ زرین مگسی نے صوبائی وزرا کے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔
کوئٹہ کے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں قائم مقام گورنر بلوچستان عبدالخالق اچکزئی نے دونوں نئے صوبائی وزرا سے حلف لیا۔
تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی اور مسلم لیگ (ن)، جماعت اسلامی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بھی شریک ہوئے۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو محکمہ فشریز کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے نوابزادہ زرین مگسی کو بھی صوبائی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، تاہم انہیں کون سا محکمہ دیا جائے گا، اس بارے میں بھی ابھی تک باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔