صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع کوہلو کے علاقے چمالنگ میں 11 مزدوروں کے قتل کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور قرار واقعی سزا دلانے پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ معصوم اور محنت کش افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ مزدوروں کو اغوا کرکے قتل کرنا انتہائی بزدلانہ اور قابلِ مذمت فعل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس سفاکانہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دلانا ضروری ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔