تازہ ترین

کوئلہ کان کے مزدوروں کا قتل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم

0

بلوچستان کے ضلع کولہو کے علاقے جندران میں مسلح حملے کے دوران کوئلے کی کان میں کام کرنے والے کم از کم 11 مزدوروں کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مزدوروں کو اغوا کرنے کے بعد نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد چمالنگ کوئلہ کانوں میں کام کرتے تھے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کولہو منتقل کیا جا رہا تھا۔

ایس ایس پی طیب اقبال کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور حکام نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

صوبائی معاون برائے امورِ میڈیا بابریوسفزئی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے مزدوروں کو قتل کرنا بزدلانہ فعل ہے۔

واضح رہے کہ سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق 2026 کی دوسری سہ ماہی میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پاکستان میں تشدد سے متعلق تقریباً 96 فیصد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 475 جبکہ بلوچستان میں 265 افراد جاں بحق ہوئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.