وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے واضح کیا ہے کہ ریاست میں غیر آئینی طریقے اور مسلح جتھوں کی موجودگی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، جبکہ تمام مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور آئین و قانون کی بالادستی ضروری ہے۔
باغ میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ امن کے استحکام کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں اور تمام معاملات آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر حل کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے فسادی جتھوں کی جانب سے عوام کو یرغمال بنانے کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کے پھیلاؤ اور نازیبا زبان کے استعمال پر افسوس کا اظہار کیا۔
افتخار گیلانی نے سوال اٹھایا کہ راولاکوٹ میں اسکولوں، ہسپتالوں اور سڑکوں کی بندش کا ذمہ دار کون ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ ہونے پر پوری ریاست کو تالے لگا دینا مذاکرات کا طریقہ نہیں ہو سکتا، کیونکہ کوئی بھی مطالبہ بچوں کی تعلیم اور عوام کے علاج معالجے سے بڑھ کر نہیں ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے سات حلقوں میں ابھی تک انتخابات نہیں ہو سکے اور ان حلقوں کے عوام کی اسمبلی میں نمائندگی نہ ہونے کی ذمہ داری کا تعین بھی ضروری ہے۔ ان کے مطابق امن خراب کرنے والے عناصر کو عوامی مشکلات کا براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔
اس موقع پر افتخار گیلانی نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے باغ ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے اور وہاں امراضِ قلب کا ہسپتال قائم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ تین ماہ کے اندر سڑکوں پر الیکٹرک بسیں بھی چلتی ہوئی نظر آئیں گی۔