تازہ ترین

مولانا فضل الرحمٰن ایک بار پھر نظر بند، جے یو آئی کا پنجاب حکومت پر الزام

0

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے الزام عائد کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو دوبارہ نظر بند کر دیا ہے، جبکہ ان کے استقبال کے لیے آنے والے سندھ کے رہنما علامہ راشد سومرو کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق لاہور پولیس نے گزشتہ روز مولانا فضل الرحمٰن کی نظر بندی ختم کرکے انہیں سفر کی اجازت دی تھی، جس کے بعد وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق سڑک کے راستے سندھ روانہ ہوئے۔

ترجمان نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے 30 نومبر کو لاڑکانہ میں شہید اسلام علامہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی یاد میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کرنا تھی، تاہم پنجاب حکومت نے انہیں رحیم یار خان کے قریب حراست میں لے کر بعد ازاں ملتان میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا۔ ان کے عملے اور جے یو آئی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احرار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن کے استقبال کے لیے آنے والے جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد سومرو کو بھی رحیم یار خان سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس سے قبل مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری اور پنجاب کے صوبائی امیر مولانا امجد خان بھی مبینہ طور پر پنجاب پولیس کی حراست میں ہیں۔

ترجمان جے یو آئی نے پنجاب حکومت پر حقائق چھپانے اور قوم کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن سمیت تمام گرفتار قائدین اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق پرامن عوامی رابطہ مہم جاری رکھے ہوئے ہے، لیکن حکومت اپوزیشن جماعتوں کی معمول کی آئینی اور جمہوری سرگرمیاں بھی برداشت نہیں کر رہی۔

اسلم غوری نے سوال اٹھایا کہ کیا ملک میں سویلین مارشل لا نافذ کر دیا گیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو جلسے جلوس کرنے کی اجازت بھی نہیں؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے تو حکومت باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے۔ ان کے مطابق پارلیمنٹ میں اپوزیشن رہنماؤں کی تقاریر کا بلیک آؤٹ اور جلسے جلوسوں پر پابندی جمہوریت کے دعووں کی نفی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت واضح کرے کہ کس کے اشارے پر جے یو آئی اور اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ اسلم غوری نے کارکنوں کو مشتعل نہ ہونے اور صوبائی جماعتوں کی ہدایات کے مطابق پرامن تحریک جاری رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی مہنگائی، عوامی حقوق، آئین کے دفاع، جمہوریت کی بحالی اور اسلام کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.