روس اور یوکرین میں ڈرون حملوں کی نئی لہر، 1,200 سے زائد یوکرینی ڈرون تباہ کرنے کا روسی دعویٰ
روس اور یوکرین کے درمیان فضائی حملوں میں شدت آگئی ہے، روسی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک تازہ شبانہ کارروائی کے دوران یوکرین کے 1,200 سے زائد ڈرون تباہ کیے گئے، جن میں سیکڑوں ماسکو کے علاقے کی جانب بڑھ رہے تھے۔ دوسری جانب یوکرین نے بھی روسی ڈرون حملوں میں ایک شہری کی ہلاکت اور پانچ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ماسکو کے میئر سرگے سوبیانین نے سرکاری حمایت یافتہ پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب 460 سے زائد ڈرون ماسکو کے علاقے کی طرف بڑھے، جن میں سے 123 کو شہر کے قریب پہنچنے پر تباہ کر دیا گیا۔
روسی وزارتِ دفاع نے بھی تصدیق کی کہ فضائی دفاعی نظام نے ماسکو سمیت ایک درجن سے زائد علاقوں میں یوکرین کے 1,246 مقررہ پروں والے بغیر پائلٹ طیاروں کو فضا میں ہی روک کر تباہ کیا۔
روسی دارالحکومت ماسکو یوکرین کی سرحد کے قریب ترین مقام سے تقریباً 500 کلومیٹر (310 میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔ وزارتِ دفاع کے بیان میں جن دیگر علاقوں کا ذکر کیا گیا ہے، ان میں وولگوگراڈ اور کریسوڈار بھی شامل ہیں، جو یوکرین سے سینکڑوں کلومیٹر دور ہیں۔
دوسری جانب یوکرین نے بھی روس کی جانب سے بڑے پیمانے پر کیے گئے حملوں کی اطلاع دی ہے۔ زاپوریزیا کے عسکری انتظامیہ کے سربراہ ایوان فیڈروف کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران علاقے پر 700 سے زائد روسی ڈرون داغے گئے، جن کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے عسکری نوعیت کے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
فروری 2022 میں روس کے بھرپور حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ اب اپنے پانچویں سال میں داخل ہو چکی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان حملوں میں مزید شدت آتی جا رہی ہے۔ جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی مصالحتی کوششیں قیدیوں کے تبادلے کے علاوہ کسی معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔
ادھر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے انکشاف کیا ہے کہ لیبیا کے بحری اڈے پر روسی جنگی جہاز کو ڈبونے کے لیے یوکرین کا آپریشن یورپی اتحادیوں سے پیشگی مشاورت کے بغیر کیا گیا تھا۔
صدر زیلنسکی نے جمعہ کی شب اطالوی وزیرِاعظم جارجیا میلونی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اس بات کی تصدیق کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے موجودہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سے قبل اطالوی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے یوکرین کو خبردار کیا تھا کہ وہ روس کے ساتھ جاری جنگ کو بحیرہ روم تک پھیلنے سے روکے۔