محکمہ داخلہ سندھ نے امن و امان کی مجموعی صورتحال کے پیش نظر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی جانب سے 29 نومبر کو شارع فیصل پر ریلی اور باغ جناح میں جلسے کی اجازت کے لیے دائر کردہ درخواست مسترد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی یہ درخواست 3 روز قبل موصول ہوئی تھی جس میں شارع فیصل پر ریلی اور باغ جناح میں عوامی اجتماع منعقد کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اسی روز یعنی 29 نومبر کو سندھ ترقی پسند پارٹی نے بھی اسی مقام پر جلسے کا باقاعدہ اعلان کر رکھا ہے، جس کے لیے متعلقہ جماعت کی جانب سے گزشتہ ماہ ہی محکمہ داخلہ کو درخواست جمع کرا دی گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہی روز اور قریبی مقامات پر دو مختلف سیاسی جماعتوں کے اجتماعات سے امن و امان کی ابتر صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ تھا، جس کے تناظر میں انتظامیہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا ہے۔