تازہ ترین

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، ٹی ٹی پی کمانڈر سمیت 5 شدت پسند ہلاک

0

پشاور: خیبر پختونخوا کے تین اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران پانچ شدت پسند ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک انتہائی مطلوب کمانڈر بھی شامل ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کرم، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن عزمِ استحکام کے تحت مربوط کارروائیاں کی گئیں، جن میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر مشتبہ ٹھکانوں اور شدت پسندوں کی نقل و حرکت کو نشانہ بنایا گیا۔

اپر کرم میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مشتبہ شدت پسندوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کی۔ اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تین شدت پسند ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ کارروائی سے علاقے میں مشتبہ شدت پسندوں کی موجودگی کو نقصان پہنچا۔

ایک اور کارروائی کے دوران کرک ضلع میں سکیورٹی فورسز نے مطلوب کمانڈر شعیب عرف سیف الاسلام کو ہلاک کردیا۔

اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کاری جمعہ خان میں بھی شدت پسندوں کی موجودگی سے متعلق انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کی گئی، جس میں بدنام شدت پسند گل زمان عرف سرستارگا مارا گیا۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے ایک پستول اور بیگ بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں اضلاع میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر پانچ شدت پسند ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔

ذرائع نے کہا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے اور دیرپا امن و استحکام کے قیام تک یہ مہم جاری رکھی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.