بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہیومن رائٹس واچ کی 95 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری
بھارت میں انسانی حقوق، جمہوری آزادیوں اور مذہبی اقلیتوں کے تحفظ سے متعلق صورت حال ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے 95 صفحات پر مشتمل اپنی رپورٹ میں مودی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے جمہوری اداروں کی کمزوری، اپوزیشن کے خلاف تحقیقاتی اداروں کے استعمال اور مسلمانوں سمیت مذہبی اقلیتوں کو درپیش مسائل پر تشویش ظاہر کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق نریندر مودی کے 2014ء میں اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت کے جمہوری اداروں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ وفاقی تحقیقاتی اداروں کو سیاسی مخالفین اور اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ آئینی اداروں کی کمزوری کے نتیجے میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد میں اضافہ ہوا ہے اور مسلمانوں کو تشدد اور امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مودی حکومت نے اپوزیشن کے 146 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کرکے متنازع قوانین منظور کرائے، جنہیں شہری آزادیوں کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے 95 فیصد مقدمات اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف قائم کیے گئے، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہونے والے 23 اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف تحقیقات روک دی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق بھارت میں انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت گرفتاریوں میں اضافہ ہوا، تاہم ان مقدمات میں سزا کی شرح صرف 3.8 فیصد رہی۔ ریاست کرناٹک میں بی جے پی کے دور حکومت کے دوران یو اے پی اے کے تحت گرفتار ہونے والے افراد میں 84 فیصد مسلمان تھے۔
ہیومن رائٹس واچ نے انتخابی فہرستوں سے 13 کروڑ سے زائد ووٹرز کے نام خارج کیے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس اقدام سے خواتین، غریب طبقے اور مذہبی اقلیتیں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں، جبکہ مسلمانوں کے ناموں کا اخراج بھی باعث تشویش ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی 173 انتخابی تقاریر میں سے 110 میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دیے گئے۔ اس کے علاوہ بھارتی الیکشن کمیشن پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کے باوجود مودی اور بی جے پی رہنماؤں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
عدلیہ کی صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی عدالتیں بنیادی حقوق کے تحفظ اور انتظامیہ کی مداخلت روکنے میں ناکام رہی ہیں۔ حکومت مخالف فیصلے دینے والے ججوں کے تبادلوں اور ان کی ترقی روکنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں اقوام متحدہ سے منسلک ایک ادارے کی جانب سے بھارتی انسانی حقوق کمیشن کا درجہ کم کرنے کی سفارش کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق بھارتی انسانی حقوق کمیشن اپنی آزادی برقرار رکھنے میں ناکام رہا ہے۔
رپورٹ میں جولائی 2026ء میں پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر سیکیورٹی فورسز کے تشدد اور انسانی حقوق کے اداروں کی خاموشی پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے بھارت میں آزادی صحافت پر بڑھتی ہوئی پابندیوں، عدلیہ پر دباؤ اور آمرانہ طرز حکمرانی میں اضافے کو بھی اپنی رپورٹ کا حصہ بنایا ہے۔