تازہ ترین

خواتین کے حقوق اور تحفظ کے لیے حکومت کا پختہ عزم، صدر اور وزیراعظم کے پیغامات

0

خواتین کے تحفظ، مساوی حقوق اور معاشرے میں ان کے باوقار مقام کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کی ہر بیٹی کی عزت و وقار کا تحفظ ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔

خواتین پر تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ درحقیقت انسانی حقوق کے تحفظ کا بنیادی تقاضا ہے۔ تشدد کی روک تھام ایک مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے عوامی آگاہی، تعلیم اور مردوں کی فعال شرکت ناگزیر ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 14، 25 اور 34 ہر فرد کی عزت، مساوات اور قومی زندگی میں خواتین کی شمولیت کے ضامن ہیں۔ 1973ء کے آئین نے خواتین کو مساوی حقوق فراہم کیے، جبکہ شہید بینظیر بھٹو نے ویمن بینک اور خواتین کے لیے پولیس اسٹیشنز کے قیام کے ذریعے اس تصور کو عملی شکل دی۔

انہوں نے کہا کہ ہراسانی، تیزاب گردی اور غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور متاثرین کو بروقت انصاف کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے ہونے والے تشدد اور بدسلوکی کی نئی شکلوں سے نمٹنے کے لیے بھی مضبوط ادارہ جاتی ردعمل درکار ہے۔ ان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان 2026 میں خواتین کا تحفظ بھی شامل ہے۔ متاثرہ خواتین قانونی معاونت کے لیے ہیلپ لائن 1099 پر رابطہ کر سکتی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان قوم کی ہر بیٹی کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے 16 روزہ آگاہی مہم آج سے شروع ہو رہی ہے، جو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن تک جاری رہے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان ریاست کو پابند کرتا ہے کہ خواتین کی قومی زندگی کے تمام شعبوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔ پاکستان 1996ء سے خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے کنونشن کا فریق ہے اور حکومت اس حوالے سے اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.