تازہ ترین

بلوچستان کو کوئی نہیں توڑ سکتا، پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا ناقابلِ تنسیخ حصہ ہے اور اسے کوئی نہیں توڑ سکتا، پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذہب یا قوم پرستی کے نام پر دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے یا دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

منگل کو 28ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئین پاکستان شہریوں کو پرامن احتجاج اور اختلاف رائے کا حق دیتا ہے، تاہم ان حقوق کے ساتھ ریاست سے وفاداری اور آئینی ذمہ داریوں کی پاسداری بھی لازم ہے۔ کسی نظریے یا بیانیے کی آڑ میں بے گناہ شہریوں کے قتل، تشدد اور ریاست کے خلاف مسلح کارروائیوں کو جواز فراہم نہیں کیا جاسکتا۔

میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پرامن سیاسی جدوجہد اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانا دو مختلف معاملات ہیں، جنہیں ایک ہی تناظر میں نہیں دیکھا جاسکتا۔ ریاست کے خلاف مسلح کارروائی، دہشت گردی میں ملوث ہونے یا اس کی حمایت کرنے والوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے، چاہے ان کا تعلق مردوں سے ہو یا خواتین سے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل تشدد اور علیحدگی پسندی میں نہیں بلکہ تعلیم، ترقی، بہتر طرز حکمرانی، معاشی مواقع کی فراہمی اور عوامی خدمت میں ہے۔ صوبے کی تاریخ، سماجی حالات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، تاہم غیر متوازن ترقی اور محرومیوں کو دہشت گردی یا تشدد کا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں حقائق کو مسخ کرکے احساس محرومی کا ایسا بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کی جاتی ہے جس کے ذریعے علیحدگی اور تشدد کو جواز فراہم کیا جاسکے۔ ترقی کے حوالے سے موجود مسائل سے انکار نہیں، لیکن ان کا حل آئینی و جمہوری جدوجہد اور عوامی فلاح کے اقدامات میں پوشیدہ ہے، نہ کہ معصوم شہریوں اور ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے میں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں عام بلوچستانی شہری کے معیار زندگی میں بہتری، گورننس کے نظام کو مؤثر بنانا اور عوامی مسائل حل کرنا شامل ہے۔ گرمی میں جھلستے اور سردی میں ٹھٹھرتے عام شہری کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تعلیم کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج بلوچستان کے ایک غریب محنت کش کا بچہ بھی ایچی سن کالج اور لارنس کالج سمیت ملک کے بڑے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہے۔ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کیلئے قومی سطح پر تعلیم اور آگے بڑھنے کے مواقع موجود ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرسکے۔

وزیراعلیٰ نے بیرون ملک مقیم پاکستان مخالف عناصر پر الزام عائد کیا کہ وہ منظم انداز میں بلوچستان کے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں سے رابطے کرکے انہیں پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا حصہ بنانے اور ریاست کے خلاف اکسانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسے عناصر کے عزائم، ان کے بیانیے اور زمینی حقائق کو سمجھیں اور پروپیگنڈے اور حقیقت میں فرق کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل تشدد، انتہا پسندی اور نفرت کے بجائے تعلیم، ترقی، امن اور قومی دھارے میں مثبت کردار ادا کرنے سے وابستہ ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز نے امن کے قیام اور ترقی کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ حکومت امن و امان برقرار رکھنے کے ساتھ عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گورننس کی بہتری، سرکاری محکموں کی کارکردگی میں اضافے، ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر تکمیل اور عوامی خدمات کی فراہمی کیلئے اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ان کے ثمرات صوبے کے دور دراز علاقوں سمیت ہر شہری تک پہنچ سکیں۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے ورکشاپ کے شرکاء کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، گورننس اصلاحات، انتظامی اقدامات اور عوامی خدمات کی فراہمی کیلئے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.