جینسن ہوانگ امریکا کیلئے اہم ہیں، اینوڈیا بورڈ کو قائل کیا، ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے چپ ساز کمپنی اینوڈیا کے بورڈ کو قائل کیا کہ جینسن ہوانگ قومی سلامتی کیلئے خطرہ نہیں، جس کے بعد ان کی کمپنی میں واپسی کی راہ ہموار ہوئی۔
ٹرمپ کے مطابق اگر جینسن ہوانگ چین منتقل ہوجاتے تو یہ امریکا کیلئے ایک بڑا خطرہ ثابت ہوسکتا تھا۔ امریکی صدر نے بتایا کہ اتوار کے روز ان کی ہوانگ سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی ہوئی تھی اور وہ جانتے ہیں کہ انہیں کیا کرنا ہے اور کن معاملات سے گریز کرنا ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ چین جینسن ہوانگ کو اپنے ملک منتقل کرنے کیلئے منہ مانگی مراعات دینے پر تیار تھا۔ ان کے مطابق چینی صدر نے بھی ہوانگ کو اپنے شعبے کی ذہین ترین شخصیات میں سے ایک قرار دیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جدید چپس کی پیچیدگیوں کو جینسن ہوانگ جیسا ماہر ہی سمجھ سکتا ہے اور ان کی نقل تیار کرنا چین سمیت کسی بھی ملک کیلئے آسان نہیں۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے اینوڈیا کے بورڈ کو آگاہ کیا تھا کہ جینسن ہوانگ نے قومی سلامتی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی۔ اس کے بعد کمپنی نے انہیں دوبارہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر بحال کرنے کا اعلان کیا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہوانگ کی بحالی کے بعد اینوڈیا کے حصص کی قیمت میں 30 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ہی دن میں ان کی دولت 33 ارب ڈالر بڑھ کر 143 ارب ڈالر ہوگئی۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اینوڈیا کے حصص سے 15 ملین ڈالر کمائے۔