اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کی سرگرمیوں کا نوٹس لینے اور اس کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بی ایل اے کے متعدد عہدیدار اب بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کر رہے ہیں، جہاں سے وہ نہ صرف چندہ جمع کرتے ہیں بلکہ اپنا مؤقف بھی پھیلاتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب کسی تنظیم کو دہشت گرد اور کالعدم قرار دیا جا چکا ہے تو اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرگرم رہنے کی اجازت کیوں دی جا رہی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ انہیں ان پلیٹ فارمز کے استعمال کی اجازت کون دے رہا ہے، کسی کو آگے آکر انہیں روکنا ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر کارروائی کریں، بصورت دیگر ان کی جانب سے عدم کارروائی کا کیا مطلب لیا جائے؟
محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کی چار ریڈ لائنز ہیں، جن میں دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر، انتشار پھیلانا اور بچوں کا استحصال شامل ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اختلافی رائے کی مخالف نہیں، تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔