کراچی: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا، جبکہ حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے معاہدوں پر عمل نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے حکومت سے یہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا تو ملک بھر میں دوبارہ ہڑتال کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، کیونکہ گزشتہ 4 روز کے دوران ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں بالترتیب 20 روپے اور 24 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے مطالبہ کیا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے تو ٹرانسپورٹرز کو ودہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور دیگر ٹیکسز میں مناسب ریلیف دیا جائے۔
یاد رہے کہ ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے گزشتہ ماہ 8 سے 17 اگست تک ہڑتال کی تھی، تاہم حکام کے ساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد احتجاج مؤخر کردیا گیا تھا۔