تازہ ترین

نائن الیون کے بعد 25 سال`عراق اور دیگر جنگوں نے کروڑوں زندگیاں متاثر کردیں

0

واشنگٹن: نائن الیون کے واقعات کے بعد امریکا کی زیرقیادت شروع ہونے والی جنگوں اور فوجی کارروائیوں کو 25 سال مکمل ہوگئے، تاہم ان طویل جنگی مہمات کے انسانی اثرات آج بھی مختلف معاشروں میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔

ایک غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ڈھائی دہائیوں کے دوران ان جنگوں اور فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 45 لاکھ سے 47 لاکھ افراد براہِ راست یا بالواسطہ طور پر جان سے گئے، جبکہ تقریباً 3 کروڑ 80 لاکھ افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے۔

افغانستان میں 2001 سے جاری رہنے والی تقریباً دو دہائیوں کی جنگ کے دوران ایک لاکھ 76 ہزار افراد ہلاک ہوئے، جبکہ 2003 میں عراق پر امریکی حملے کے بعد وہاں 3 لاکھ 15 ہزار سے زائد شہری براہِ راست ہلاکتوں کا شکار ہوئے۔ ان جنگوں نے پورے خطے میں طویل المدتی عدم استحکام کو جنم دیا۔

امریکی فوج نے پاکستان، یمن، صومالیہ، لیبیا اور شام سمیت مختلف ممالک میں ڈرون اور فضائی حملے بھی کیے۔ داعش کے خلاف کارروائیوں میں امریکی حکام نے 1417 شہری ہلاکتوں کا اعتراف کیا، تاہم رپورٹ کے مطابق اصل تعداد 8264 سے 13360 کے درمیان ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ان جنگی مہمات میں امریکی فوجیوں کو بھی بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ افغانستان میں 2500 امریکی فوجی ہلاک اور 20 ہزار زخمی ہوئے، جبکہ عراق جنگ میں 3481 امریکی اہلکار جان سے گئے اور 31 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا نے ان جنگوں پر تقریباً 5.8 کھرب ڈالر خرچ کیے، جبکہ سابق فوجیوں کی بحالی اور طبی و دیگر دیکھ بھال پر مزید 2.2 کھرب ڈالر خرچ ہونے کا امکان ہے۔

جنگوں کے اثرات صرف ہلاکتوں اور مالی اخراجات تک محدود نہیں رہے بلکہ ذہنی بیماریوں، خودکشیوں میں اضافے، معاشی مشکلات اور طویل المدتی بے گھری کی صورت میں بھی ان کے اثرات آج تک برقرار ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.