تازہ ترین

بلوچستان میں ترقی، معدنیات اور امن و امان پر اہم بریفنگز، حکومتی حکمت عملی کا جائزہ

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ بلوچستان میں صوبے کی ترقی، معدنی وسائل، کان کنی اور امن و امان سے متعلق اہم بریفنگز کا انعقاد کیا گیا، جن میں جاری منصوبوں، حکومتی حکمت عملی اور عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی بلوچستان کی جانب سے سماجی و اقتصادی شعبوں سے متعلق بریفنگ میں گورننس، عوامی خدمات کی فراہمی، سرکاری فنڈز کے مؤثر استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کے فوائد عوام تک پہنچانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

وزارتِ معدنیات و وسائل کی بریفنگ میں بلوچستان میں معدنیات اور کان کنی کے شعبے کی استعداد، جاری منصوبوں اور اس شعبے کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ معدنی وسائل کی ترقی کے ذریعے صوبے کے عوام کو معاشی اور دیگر فوائد پہنچانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزارتِ داخلہ و قبائلی امور کی جانب سے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس دوران صوبائی ایکشن پلان، پولیس اصلاحات اور بالخصوص لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بریفنگ میں سیف سٹی منصوبے، قانون سازی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزارتی بریفنگز کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ سوال و جواب کا تفصیلی سیشن ہوا، جس میں مختلف امور پر شرکا کے سوالات کے جوابات دیے گئے اور صوبے کے مختلف شعبوں سے متعلق حکومتی مؤقف پیش کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.