تازہ ترین

لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی، 2 دہشت گرد مارے گئے

0

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بنیادوں پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ایک ہلاک دہشت گرد کی شناخت بھی کرلی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق کارروائی رات کے وقت سٹی پولیس اسٹیشن کی حدود میں کی گئی، جس کی قیادت لکی مروت کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نے کی۔ آپریشن میں سٹی تھانے کے ایس ایچ او، سی ٹی ڈی اہلکاروں اور ویلج کونسل بیگو خیل کی مقامی امن کمیٹی کے ارکان نے بھی حصہ لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دونوں دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ہلاک ہونے والے ایک دہشت گرد کی شناخت مبشر ولد اسلم خان کے نام سے ہوئی ہے، جو بنوں سی ٹی ڈی کو قتل، اقدام قتل، دہشت گردی اور بم دھماکوں سمیت 4 مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔ دوسرے ہلاک دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کو سراہتے ہوئے امن دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے اور صوبے میں مستقل امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے۔

خیبرپختونخوا میں حالیہ عرصے کے دوران دہشت گردی کے واقعات کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔ مختلف علاقوں میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشنز جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.