تازہ ترین

استنبول میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اعلیٰ سطح ملاقاتیں

0

راولپنڈی: پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی و اسٹریٹجک تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے استنبول میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے استنبول میں مختلف اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، ترک وزیر خارجہ، ترک وزیر دفاع اور ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلجوق بائرکتار اوغلو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مکہ معاہدے کے تحت منعقد ہونے والے اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک رابطہ کاری اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.