تازہ ترین

زیارت کراس پر مسلح افراد کا حملہ، کسٹم چوکی اور ویئر ہاؤس کو نشانہ بنا دیا

0

کوئٹہ: زیارت کراس پر مسلح افراد نے کسٹم چوکی اور ویئر ہاؤس پر حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ویئر ہاؤس میں کھڑی متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے زیارت کراس کے مقام پر کسٹم چوکی اور اس سے منسلک ویئر ہاؤس کو نشانہ بنایا۔ حملے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے بعد ویئر ہاؤس میں موجود گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پی ڈی ایم اے کی ریسکیو ٹیمیں اور 12 ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا، جبکہ متاثرہ مقام پر کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خطرے کو ختم کیا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق حملے کے نتیجے میں اموات اور افراد کے اغواء کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم جانی نقصان اور اغواء سے متعلق اطلاعات کی تاحال مزید تصدیق کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں اس نوعیت کے حملے ماضی میں بھی مختلف مقامات پر پیش آچکے ہیں، جن میں مسلح افراد نے سیکیورٹی تنصیبات، سرکاری مراکز، چوکیوں اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ تاہم زیارت کراس پر پیش آنے والے حالیہ واقعے کی مکمل نوعیت اور حملہ آوروں کے حوالے سے مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔

واقعے کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے علاقے کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ حملے میں ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصان اور دیگر تفصیلات کی مزید تصدیق جاری ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.