ریاض میں پاکستان سعودی عرب کے درمیان اہم سائبر سیکیورٹی معاہدہ
اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب نے سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم معاہدے پر دستخط کردیے ہیں، جس کے تحت دونوں ممالک جدید سائبر خطرات سے نمٹنے، معلومات کے تبادلے اور اہم قومی و معاشی مفادات کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق یہ اہم معاہدہ سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان کی وزارتِ آئی ٹی اور سعودی عرب کی قومی سائبر سیکیورٹی اتھارٹی کے درمیان طے پایا۔
معاہدے پر پاکستان کی جانب سے وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ جبکہ سعودی عرب کی قومی سائبر سیکیورٹی اتھارٹی کے گورنر ماجد المزید نے دستخط کیے۔
معاہدے کا بنیادی مقصد دونوں برادر ممالک کے سائبر نظام اور اہم قومی و معاشی مفادات کو بڑھتے ہوئے سائبر خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان اور سعودی عرب سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں اپنی تکنیکی صلاحیتوں اور تجربات سے ایک دوسرے کو فائدہ پہنچائیں گے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک جدید اور تیزی سے بدلتے ہوئے سائبر خطرات کے بارے میں معلومات اور تکنیکی مہارت کا تبادلہ کریں گے، تاکہ ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی اور ان سے مؤثر انداز میں نمٹا جاسکے۔
اس تعاون کے ذریعے سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر باہمی روابط اور شراکت داری کو بھی مزید فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے سائبر تحفظ سے متعلق تجربات، معلومات اور مہارت کے تبادلے کے ذریعے اپنی صلاحیتیں بہتر بنائیں گے۔
حکام کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ دونوں ممالک کے ڈیجیٹل نظام کے تحفظ کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ اس اقدام سے سائبر خطرات کے خلاف مشترکہ استعداد بڑھانے اور دونوں ممالک کی ڈیجیٹل سرحدوں کو مزید محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے، اس لیے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ تعاون مستقبل میں ڈیجیٹل تحفظ کے شعبے میں مزید شراکت داری کی بنیاد بن سکتا ہے۔