تازہ ترین

رائز پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے فنی تربیت اور آسان قرضوں کا منصوبہ

0

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت رائز (RISE) پروگرام سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں پروگرام کے منصوبوں، اب تک کی پیش رفت اور صوبے کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت بلوچستان رائز پروگرام کے تحت نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر سکھانے، روزگار سے منسلک کرنے اور کاروباری مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو باعزت روزگار فراہم کرنے، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کرنے کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود، معاشی خودمختاری اور معیارِ زندگی میں بہتری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جو نوجوانوں کو روزگار، ہنر اور کاروبار کے مواقع فراہم کر سکیں۔ حکومت بلوچستان کے عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچانے اور نوجوانوں کیلئے روشن و محفوظ مستقبل یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔

بریفنگ کے مطابق رائز پروگرام میں پنجگور، خاران، واشک، گوادر، آواران اور کیچ کے 6 اضلاع شامل ہیں۔

پروگرام کے تحت 57 ہزار 464 مائیکرو کاروبار قائم کرنے، 4 ہزار 320 نوجوانوں کو فنی و پیشہ ورانہ تربیت دے کر روزگار سے منسلک کرنے اور ایک ہزار 620 موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔

اسی طرح 180 مقامی تنظیموں کو مضبوط بنانے، 900 نوجوانوں کو سماجی تبدیلی کے نمائندوں کے طور پر تربیت دینے اور 12 ہزار نوجوانوں و کاروباری افراد کو مالی خدمات اور آسان قرضوں تک رسائی فراہم کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

پروگرام کے تحت مضبوط کیے جانے والے 180 چھوٹے و درمیانے کاروباری اداروں کے ذریعے مزید ایک ہزار 800 گھرانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 16 ہزار 500 گھرانوں کی روزگار اور معاشی سرگرمیوں کو موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

خاران، پنجگور اور واشک میں کھجور، کپاس، گندم، زیرہ، مویشی پالنے، بلوچی دستکاری اور خوراک کی تیاری سمیت مختلف اہم شعبوں کو بھی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ساؤتھ ائیر کے تعاون سے بلوچستان کے نوجوانوں کو فضائی عملے کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے انہیں ہوا بازی کے شعبے میں پیشہ ورانہ کیریئر اور ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ٹیک ویلی کے ساتھ بھی جلد کام شروع کیا جائے گا۔

اجلاس میں سیکرٹری صنعت خالد سرپرہ، بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر طاہر رشید اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.