تازہ ترین

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں آپریشن، 11 دہشتگرد ہلاک

0

کوئٹہ- سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر الگ الگ کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ کارروائیوں میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے بنوں اور جنوبی وزیرستان جبکہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔

بنوں میں کارروائی کے دوران ’’فتنۃ الخوارج‘‘ سے تعلق رکھنے والے 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ دہشتگردوں کی ایک کمین گاہ کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا گیا۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی موجودگی کا پتا چلنے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے ساسول میں کارروائی کے دوران ’’فتنۃ الہندوستان‘‘ سے وابستہ 4 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اہداف کو کواڈ کاپٹر کی معاونت سے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے اور مقامی آبادی کو کسی نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی یقینی بنانے کی کوششوں میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ متحد کھڑی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.