کوئٹہ: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی کابینہ کے ارکان اور حکومت و اپوزیشن کے اراکین سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، بلوچستان کی ترقی، عوامی مسائل اور صوبے میں جمہوری و پارلیمانی روایات کے فروغ سمیت مختلف معاملات پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی کی کوئٹہ آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سب کا گھر ہے، جہاں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جمہوری روایات، باہمی احترام اور سیاسی برداشت کی روایت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے پر تنقید ضرور کرتے ہیں، تاہم اخلاقی اقدار، شائستگی اور باہمی احترام کی مضبوط روایات بھی برقرار ہیں۔ مختلف آرا جمہوریت کا بنیادی حسن ہیں اور اپوزیشن کو حکومت پر تنقید کا جمہوری حق حاصل ہے، تاہم سیاسی اختلافات کو باہمی احترام کے دائرے میں رکھنا بلوچستان کی مثبت سیاسی روایت کا حصہ ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کا ایک ساتھ بیٹھنا بلوچستان کی مثبت سیاسی ثقافت اور جمہوری پختگی کا مظہر ہے۔ سیاسی قیادت کا باہمی احترام اور بلوچستان کے معاملات پر مل بیٹھ کر بات کرنا صوبے کے اندر اور بیرونِ بلوچستان سے آنے والے مہمانوں کیلئے بھی مثبت پیغام ہے۔
وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان میں برداشت اور باہمی احترام کی یہ روایت مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان سے اپنی دیرینہ وابستگی اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان سے ان کا تعلق صرف سیاسی نہیں بلکہ جذباتی اور خاندانی بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کی تین نسلوں کا بلوچستان سے تعلق رہا ہے اور اس صوبے سے محبت نسل در نسل منتقل ہوئی ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ بلوچستان ان کیلئے اجنبی نہیں، یہاں کے لوگوں سے ان کی دیرینہ اور گہری وابستگی ہے۔ بلوچستان آنے پر انہیں ہمیشہ اپنائیت اور محبت کا احساس ہوتا ہے جبکہ صوبے کے عوام نے ہمیشہ انہیں عزت، محبت اور خلوص دیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین، عوام اور روایات ان کیلئے خصوصی اہمیت رکھتی ہیں اور وہ یہاں کے لوگوں کی محبت اور خلوص کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اراکین اور صوبے کے ہر فرد کیلئے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کیلئے قومی اسمبلی کے پلیٹ فارم سے ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے گا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا انتہائی اہم صوبہ ہے اور بلوچستان کی ترقی درحقیقت پورے پاکستان کی ترقی ہے۔ وفاق صوبے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کے عوام کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے لوگوں کی محبت اور میزبانی قابلِ مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا دورہ کرتے ہوئے انہیں ہمیشہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اپنے لوگوں اور اپنے گھر آئے ہوں۔
ملاقات کے اختتام پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاح اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے سیاسی قیادت کے درمیان باہمی احترام، مشاورت اور تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔