انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپیہ مضبوط، ڈالر کی قدر میں کمی
کراچی: پاکستانی روپے نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی معمولی مضبوطی کا سلسلہ برقرار رکھا، منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ایک پیسے کی کمی کے بعد 277.46 روپے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی روپے کی قدر میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔
انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپیہ ایک پیسے کے اضافے کے بعد 277.46 روپے فی ڈالر پر بند ہوا۔ گزشتہ روز ڈالر 277.47 روپے پر بند ہوا تھا۔ منگل کو انٹربینک میں ڈالر کی خریداری قیمت 277.46 روپے جبکہ فروخت کی قیمت 277.66 روپے رہی۔
اوپن مارکیٹ میں بھی روپے کی قدر میں بہتری دیکھی گئی۔ ڈالر خرید کے لحاظ سے 2 پیسے سستا ہوکر 278.33 روپے جبکہ فروخت کے لحاظ سے 3 پیسے کمی کے بعد 279.18 روپے پر بند ہوا۔
روپے کے مقابلے میں یورو خرید کے لحاظ سے 16 پیسے اور فروخت کے لحاظ سے 17 پیسے مہنگا ہوگیا، جس کے بعد یورو کی قیمت بالترتیب 321.57 روپے اور 324.55 روپے رہی۔
اماراتی درہم خرید کے لحاظ سے ایک پیسہ سستا ہوکر 75.65 روپے کا ہوگیا جبکہ فروخت کی قیمت 76.29 روپے پر مستحکم رہی۔
عالمی سطح پر فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کی جانب سے ستمبر میں شرح سود میں اضافے کے اشارے کے بعد ڈالر انڈیکس معمولی کمی کے ساتھ 99.37 پر آگیا۔ جاپانی ین 160 فی ڈالر کی سطح کے قریب مستحکم رہا، جبکہ یورو 1.1623 ڈالر اور برطانوی پاؤنڈ 1.35575 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔
دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں کو بھی اوپر دھکیل دیا۔
برینٹ کروڈ کی قیمت 1.72 ڈالر یعنی 1.9 فیصد اضافے کے بعد 92.21 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 2.12 ڈالر یعنی 2.47 فیصد اضافے کے بعد 87.88 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔