خضدار: پولیس تھانے پر حملہ، سٹی ایس ایچ او منیر عالم جتک زخمی
ضلع خضدار کے علاقے باغبانہ میں مسلح افراد نے پولیس تھانے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تھانے کی عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ موقع پر جانے والے سٹی ایس ایچ او منیر عالم جتک فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے باغبانہ پولیس تھانے کی عمارت کو دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچایا۔ واقعے میں ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس، سیکیورٹی فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق سٹی ایس ایچ او خضدار منیر عالم جتک اپنی نفری کے ہمراہ موقع کی جانب جا رہے تھے کہ باغبانہ کے علاقے میں پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او منیر عالم جتک کے پاؤں میں گولیاں لگیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کے بعد پولیس، اے ٹی ایف اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کردیا، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔