تازہ ترین

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرائے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان

0

کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے 5 فیصد بڑھانے کا اعلان کردیا ہے، جبکہ مطالبات پر مقررہ مدت میں مؤثر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی دھمکی بھی دی ہے۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز اس اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ 17 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 8 اگست سے 17 اگست تک جاری رہنے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں کے بعد ٹرانسپورٹرز نے اپنی ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی، تاہم پیٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافے اور روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کے فیصلے نے ٹرانسپورٹرز میں دوبارہ تشویش پیدا کردی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.