تازہ ترین

خلیج میں امریکی توانائی کے اثاثے خطرے میں، ایران کی بڑی دھمکی

0

خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان ایران نے امریکا کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اثاثوں پر مزید حملہ کیا گیا تو جوابی کارروائی کی جائے گی، جبکہ خطے میں موجود امریکی تیل و گیس کے مفادات بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی اور ایرانی فورسز کے درمیان حالیہ بحری جھڑپوں کے بعد خبردار کیا کہ اگر ایران کے اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا نقصان امریکا کو بھی اٹھانا پڑے گا۔

قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے کا توانائی کا پورا انفراسٹرکچر وسیع ہونے کے ساتھ ساتھ قابلِ رسائی اور خطرے سے دوچار ہے، جبکہ خلیج میں موجود امریکی تیل اور گیس کمپنیوں کی تنصیبات بھی اسی خطرے کی زد میں ہیں۔

ایرانی دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان بحری حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں چھ ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔

دوسری جانب ایران کے اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار محسن رضائی نے بتایا ہے کہ تہران خلیج میں ایک نئے محدود بحری زون کے قیام کا اعلان آئندہ چند روز میں کرے گا۔ ان کے مطابق اس زون کی حدود امریکی بحری ناکہ بندی کی لائن سے شروع ہو کر خلیج کے بعض علاقوں تک پھیل سکتی ہیں۔

محسن رضائی کے مطابق آبنائے ہرمز کے ذریعے ایک نئے شپنگ کوریڈور کے نقشوں پر عمان کے ساتھ بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ نئے محدود زون میں داخل ہونے والے بحری جہازوں کو ایرانی پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

ایران نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی مکمل بحالی اور آمدورفت معمول پر لانے کا معاملہ امریکی حملوں، دھمکیوں اور مبینہ تخریبی کارروائیوں کے خاتمے سے مشروط ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.