یومِ دفاع پر کوئٹہ میں ’’رن فار فن‘‘ ریس، مختلف شہروں کے ایتھلیٹس کی شرکت
محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر کوئٹہ میں پانچ کلومیٹر ”رن فار فن“ ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں لاہور، ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور سے بھی نوجوانوں اور ایتھلیٹس نے بھرپور شرکت کی، پانچ کلومیٹر پر مشتمل ریس ایٔرپورٹ روڈ سے شروع ہو کر مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ایوب سپورٹس کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریس میں لاہور سے تعلق رکھنے والے محمد احمد نے پہلی، عبدالرحیم نے دوسری جبکہ عین اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد احمد کو 50 ہزار روپے، دوسری پوزیشن کے حامل عبدالرحیم کو 30 ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے عین اللہ کو 20 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔ ریس کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل کھیل ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے کامیاب کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، انہیں میڈلز پہنائے اور نقد انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسر خان بازئی نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت اور صوبائی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان مینا مجید بلوچ کی سربراہی میں یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر رن فار فن ریس کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 1965 میں ملک کے دفاع کے لیے جس طرح عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی، آج بھی پوری قوم اسی جذبے کے ساتھ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ یومِ دفاع کے موقع پر رن فار فن ریس کا انعقاد بھی اسی قومی جذبے کو اجاگر کرنے کی ایک کوشش ہے، ڈائریکٹر جنرل کھیل نے کہا کہ رن فار فن ریس کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کوئٹہ میں یہ آٹھویں ریس منعقد کی گئی ہے اور وقت کے ساتھ اس میں نوجوانوں کی شرکت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس مرتبہ ملک کے دیگر شہروں سے بھی نوجوانوں اور ایتھلیٹس نے شرکت کی، جبکہ پہلی پوزیشن بھی لاہور سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ نے حاصل کی۔ اس بار ریس میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے علاوہ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے ایتھلیٹ کو 10 ہزار روپے جبکہ مزید 10 کھلاڑیوں کو پانچ، پانچ ہزار روپے دے کر ان کی حوصلہ افزائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، ریس صوبائی کوچ صنوبر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس امان اللہ خان اور عثمان اعوان کی زیرنگرانی منعقد ہوئی۔ ٹریفک پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے بھی بھرپور تعاون فراہم کیا گیا۔