تازہ ترین

نارووال مندر معاملہ، پاکستان نے بھارت کے دعوے مسترد کردیے

0

اسلام آباد: نارووال میں ہندو مندر کی عمارت سے متعلق بھارت کے اعتراضات پر پاکستان نے واضح مؤقف پیش کرتے ہوئے بھارتی دعووں کو مسترد کردیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اڈہ سراج میں مندر کی عمارت شدید بارشوں کے باعث متاثر ہوئی اور اس کی بحالی کے لیے مقامی سطح پر اقدامات شروع کیے جاچکے ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارتی دعووں کو غلط اور سیاسی مقاصد پر مبنی سمجھتا ہے۔ ان کے مطابق مندر کی عمارت 21 جولائی 2026 کو شدید بارشوں کے باعث متاثر ہوئی تھی، جس کا مقامی حکام پہلے ہی جائزہ لے چکے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ عمارت کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بھارت پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات سے اصل حقائق تبدیل نہیں ہوسکتے۔

بھارتی وزارت خارجہ نے اس سے قبل نارووال کے سراج گاؤں میں تاریخی ہندو مندر کو مبینہ طور پر منہدم کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

پاکستان نے اپنے ردعمل میں بھارت پر اقلیتوں کے ساتھ سلوک کے معاملے میں دوہرے معیار کا الزام بھی عائد کیا اور بھارتی حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے مبینہ مسائل کی طرف توجہ دلائی۔

دفتر خارجہ کے مطابق مقامی حکام نے متاثرہ عمارت کا جائزہ لینے کے بعد اس کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کردیئے ہیں، جبکہ پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کے اعتراضات کو مسترد کردیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.