پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال میں مختلف نظریات اور الگ سیاسی بیانیوں کی حامل جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ملکی سیاست میں نئی بحث چھیڑ رہا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف، جمعیت علمائے اسلام، پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کی قربت نے اس اتحاد کے محرکات پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
ان جماعتوں کے درمیان ماضی میں واضح نظریاتی اور سیاسی اختلافات رہے ہیں، تاہم موجودہ حالات میں ایک صف میں کھڑے ہونے سے یہ سوال سامنے آرہا ہے کہ آیا یہ اتحاد کسی مشترکہ سیاسی مقصد کی بنیاد پر تشکیل پایا ہے یا بدلتے حالات نے جماعتوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے پر مجبور کیا ہے۔
دوسری جانب ان جماعتوں سے وابستہ بعض نمایاں شخصیات مختلف قانونی اور احتسابی معاملات کا سامنا بھی کرچکی ہیں۔ القادر ٹرسٹ کے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں احتساب عدالت نے عمران خان کو 14 سال قید کی سزا سنائی۔
توشہ خانہ II کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی 17، 17 سال قید کی سزا سنائی گئی، یہ معاملہ سعودی ولی عہد کی جانب سے تحفے میں ملنے والے قیمتی جیولری سیٹ سے متعلق تھا۔
ادھر مولانا فضل الرحمان کو نیب کی جانب سے 26 نکاتی سوالنامہ بھیجا گیا تھا، جس میں ان کے اور ان کے خاندان کے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس اور ڈی آئی خان میں خریدی گئی اراضی سے متعلق تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔
جے یو آئی (ف) کے سینیئر رہنما اکرم خان درانی کے خلاف بھی سرکاری ہاؤسنگ اراضی کی مبینہ غیر قانونی الاٹمنٹ اور پی ڈبلیو ڈی میں خلاف ضابطہ تقرریوں سے متعلق تحقیقات کی گئی تھیں۔
یوں ایک طرف ان جماعتوں سے وابستہ شخصیات کے حوالے سے احتساب، اثاثوں اور اختیارات کے استعمال سے متعلق قانونی معاملات موجود رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب یہی سیاسی قوتیں اب مشترکہ پلیٹ فارم پر نظر آرہی ہیں۔
اگرچہ سیاسی اتحاد قائم کرنا ہر جماعت کا جمہوری حق ہے، تاہم موجودہ اتحاد نے یہ سوال ضرور پیدا کردیا ہے کہ اس کے پیچھے کوئی مشترکہ سیاسی نظریہ اور ایجنڈا ہے یا پھر سیاسی ضرورت اور موجودہ حالات نے پرانے اختلافات کو وقتی طور پر پسِ پشت ڈال دیا ہے۔