تازہ ترین

نیتن یاہو کی اقتدار بچانے کی کوشش ناکام، اپوزیشن نے مذاکرات ختم کر دیے

0

اسرائیل میں حکومت سازی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے، وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کے درمیان اہم ملاقات بے نتیجہ ختم ہونے کے بعد سیاسی اتحاد کی کوششوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کے ساتھ مزید ملاقاتیں نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے، جس سے دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی مفاہمت کے امکانات مزید کم ہو گئے ہیں۔ اس پیش رفت کو اقلیتی حکومت کی تشکیل کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل نیتن یاہو نے اقتدار برقرار رکھنے کے لیے غیرمعمولی سیاسی پیشکش کرتے ہوئے گادی آئزن کوٹ کو باری باری وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کی تجویز دی تھی۔ انہوں نے یہاں تک کہا تھا کہ وہ ابتدا میں خود عہدہ چھوڑ کر آئزن کوٹ کو پہلا وزیراعظم بنانے کے لیے تیار ہیں۔

تاہم عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بنیادی پالیسیوں اور دیگر اہم معاملات پر اختلافات برقرار رہے، جس کے بعد گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو اور ان کی جماعت لیکوڈ کے ساتھ تمام مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس دوران یائر لاپید نے بھی آئزن کوٹ پر زور دیا تھا کہ وہ نیتن یاہو کو حکومت میں شامل کیے بغیر نئی حکومت تشکیل دیں۔

واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد اسرائیل میں حکومت سازی کا عمل شدید تعطل کا شکار ہے۔ نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ پارلیمنٹ میں سب سے بڑی جماعت ہونے کے باوجود مطلوبہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ صدر کی جانب سے حکومت بنانے کی دعوت پانے والے اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کے پاس آئینی مدت کے مطابق حکومت تشکیل دینے کا وقت موجود ہے۔

سیاسی مبصرین کے نزدیک حالیہ مذاکرات کی ناکامی نے نیتن یاہو کی طویل سیاسی حکمرانی کے خاتمے کے امکانات بڑھا دیے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.