مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں پر حملوں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں رواں ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں نے تیل کی برآمدات متاثر ہونے کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ عالمی معیار برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 38 سینٹ یا 0.39 فیصد کمی کے بعد 96.19 ڈالر فی بیرل رہی۔ اس سے ایک روز قبل برینٹ کی قیمت میں تقریباً 2 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور یہ 6 نومبر کے بعد بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 1.73 ڈالر یا 2.07 فیصد اضافے کے بعد 85.41 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ ریاستہائے متحدہ امریکا میں تھینکس گیونگ کی تعطیل کے باعث جمعرات کو ڈبلیو ٹی آئی کے سودوں کی باقاعدہ بندش عمل میں نہیں آئی تھی۔
اے این زیڈ بینک کے تجزیہ کاروں برائن مارٹن اور ڈینیئل ہائنس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کسی بڑے اضافے کے بغیر بھی برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرسکتی ہے، تاہم اس کے لیے تیل کی دستیاب رسد میں کمی کے شواہد کا ہونا ناگزیر ہے۔
رپورٹ کے مطابق دونوں عالمی بینچ مارکس مسلسل چار ہفتوں کی مسلسل گراوٹ کے بعد پہلی مرتبہ ہفتہ وار اضافے کی جانب گامزن ہیں۔ گزشتہ ہفتوں کے دوران قیمتوں میں کمی کی ایک بنیادی وجہ یہ توقع بھی کارفرما تھی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں میں اضافہ نہیں کریں گے۔