بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے درمیان آخری بڑا قانونی تنازع بھی ختم
ہالی ووڈ کی سابق معروف جوڑی بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے درمیان طویل عرصے سے جاری قانونی تنازعات میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں نے فرانس میں واقع مشہور شراب کے باغات اور محل چیٹو میراوال سے متعلق اپنے بڑے قانونی تنازع کو تصفیے کے ذریعے ختم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق جوڑے نے مشترکہ بیان میں تصفیے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ معاملہ اپنے خاندان کے بہترین مفاد میں حل کیا ہے۔ تاہم معاہدے کی مالی اور دیگر شرائط کو خفیہ رکھا گیا ہے۔
بریڈ پٹ اور انجلینا جولی نے 2008 میں فرانس کے علاقے وار میں واقع چیٹو میراوال کو لیز پر حاصل کیا تھا، جبکہ 2011 میں اسے تقریباً 2 کروڑ 84 لاکھ ڈالر میں خرید لیا تھا۔ دونوں نے 2014 میں اسی جائیداد کے ایک نجی چیپل میں شادی کی تھی۔
یہ جوڑا 2011 سے شراب سازی کے کاروبار میں بھی شراکت دار تھا اور اپنی جائیداد میں تیار ہونے والی گلابی شراب کے باعث عالمی سطح پر شہرت حاصل کر چکا تھا۔
اس جائیداد پر تنازع 2021 میں اس وقت شدت اختیار کر گیا جب انجلینا جولی نے اپنا حصہ اسٹولی گروپ سے وابستہ شراب ساز کمپنی ٹینیوٹے ڈیل مونڈو (Tenute del Mondo) کو فروخت کر دیا۔ بریڈ پٹ نے 2022 میں ان کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جولی نے ایک سابقہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے تحت پٹ ان کا نصف حصہ خریدنے والے تھے۔
دوسری جانب انجلینا جولی کے وکلا کا کہنا تھا کہ مذاکرات اس لیے ناکام ہوئے کیونکہ بریڈ پٹ ان سے ایک رازداری کے معاہدے پر دستخط کروانا چاہتے تھے۔ ان کے مطابق اس معاہدے کے تحت جولی ماضی میں پیش آنے والے مبینہ تشدد کے الزامات پر عوامی سطح پر بات نہیں کر سکتی تھیں۔ بریڈ پٹ ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔
تصفیے کے باوجود اس جائیداد سے متعلق تمام قانونی کارروائیاں ختم نہیں ہوئیں۔ بریڈ پٹ روسی نژاد کاروباری شخصیت یوری شیفلر اور کمپنی Tenute del Mondo کے خلاف اپنے دعوے برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ وہ عدالت سے اپنے سابقہ مطالبات کے مطابق انجلینا جولی کے فروخت کردہ حصص خریدنے کا حق اور ہرجانے کی ادائیگی چاہتے ہیں۔
بریڈ پٹ اور انجلینا جولی 15 ستمبر 2016 کو ایک دوسرے سے الگ ہوئے تھے۔ اسی سال انجلینا جولی نے طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ 2019 میں عدالت نے دونوں کو قانونی طور پر غیر شادی شدہ قرار دے دیا، تاہم اثاثوں کی تقسیم اور بچوں کی تحویل کے معاملات طویل عرصے تک جاری رہے۔
بالآخر 30 دسمبر 2024 کو دونوں نے طلاق کی شرائط پر دستخط کیے، تاہم معاہدے کی تفصیلات خفیہ رکھی گئیں۔ سابق جوڑے کے چھ بچے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان میں سے بعض نے اپنے ناموں کے ساتھ والد کا خاندانی نام استعمال کرنا بھی ترک کر دیا ہے۔
بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کی ملاقات 2005 میں فلم ’مسٹر اینڈ مسز اسمتھ‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ بعد ازاں دونوں ہالی ووڈ کی معروف ترین جوڑیوں میں شمار ہونے لگے، تاہم ان کی ازدواجی زندگی کا اختتام طویل قانونی تنازعات پر ہوا۔