تازہ ترین

نیورالنک کو اے ایل ایس کے مریضوں پر دماغی امپلانٹ کی اہم آزمائش کی اجازت مل گئی

0

ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک نے اعلان کیا ہے کہ اسے امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) سے دماغ میں نصب کیے جانے والے اپنے خصوصی امپلانٹ کی ایک اہم کلینیکل آزمائش شروع کرنے کی منظوری مل گئی ہے۔

اس تحقیق میں امیوٹروفک لیٹرل اسکلروسیس (اے ایل ایس) کے باعث شدید مفلوج ہونے والے افراد میں کمپنی کی برین کمپیوٹر انٹرفیس ٹیکنالوجی کی حفاظت اور افادیت کا جائزہ لیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق اس تحقیق کا نام ’لنک پائیوٹل اسٹڈی‘ رکھا گیا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا شدید جسمانی معذوری کا سامنا کرنے والے افراد محض اپنے خیالات کے ذریعے ڈیجیٹل آلات استعمال کرسکتے ہیں اور اس ٹیکنالوجی سے روزمرہ زندگی میں ان کی خودمختاری کس حد تک بہتر ہوسکتی ہے۔

نیورالنک کا تیار کردہ برین کمپیوٹر انٹرفیس دماغ کے اس حصے میں نصب کیا جاتا ہے جو جسمانی حرکات کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔ اس کا چھوٹا اور تقریباً ناقابلِ دید امپلانٹ ’این ون‘ کھوپڑی کے اندر نصب ہوتا ہے، جب کہ اس سے منسلک باریک الیکٹروڈ دھاگے دماغ کے اندر تک پھیلتے ہیں۔ یہ نظام دماغی سرگرمیوں کو پڑھ کر ان اشاروں کی شناخت کرتا ہے جو کسی حرکت کے ارادے سے متعلق ہوتے ہیں، تاکہ مفلوج افراد ڈیجیٹل آلات کو کنٹرول کرسکیں۔

کمپنی کے بیان کے مطابق نئی تحقیق میں یہ دیکھا جائے گا کہ شرکا اپنے خیالات کے ذریعے کمپیوٹر اور دیگر ڈیجیٹل آلات کو کس حد تک استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ مختلف طبی مراکز میں امپلانٹ کی طویل مدتی حفاظت اور قابلِ اعتماد کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

نیورالنک کا کہنا ہے کہ امریکا، کینیڈا اور برطانیہ میں جاری ابتدائی مطالعات کے دوران اب تک 30 سے زائد افراد کے دماغ میں اس کا امپلانٹ نصب کیا جاچکا ہے۔ کمپنی کے مطابق ان افراد نے اس ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے اہل خانہ سے رابطہ کرنے، اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے اور ویڈیو گیمز کھیلنے جیسے کام انجام دیے ہیں۔

کمپنی نے بتایا ہے کہ نئی اہم آزمائش میں شمولیت کے لیے اندراج شروع کردیا گیا ہے، تاہم اس نے شرکا کی مجموعی تعداد، تحقیق کی متوقع مدت یا اس میں شامل طبی مراکز کے نام ظاہر نہیں کیے۔ ایف ڈی اے کی منظوری کا مطلب صرف یہ ہے کہ نیورالنک کو کلینیکل آزمائش کرنے کی اجازت مل گئی ہے، اس سے کمپنی کو یہ آلہ تجارتی طور پر فروخت کرنے کی اجازت حاصل نہیں ہوئی۔

دماغی ٹیکنالوجی پر نیورالنک کی دیگر تحقیقات

 

 

نیورالنک اس سے قبل بھی اپنے امپلانٹ کے مختلف استعمالات پر کئی مطالعات کررہی ہے۔ رواں ہفتے کمپنی کو امریکی پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ مارک آفس سے ایک ایسے برین کمپیوٹر انٹرفیس کا پیٹنٹ بھی ملا جس میں دماغ اور کسی آلے کے درمیان سگنل منتقل کرنے کے لیے زندہ نیورونز استعمال کیے جانے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ ’سیل بیسڈ برین مشین انٹرفیس‘ کے نام سے اس پیٹنٹ میں موجودہ الیکٹروڈ پر مبنی ٹیکنالوجی کے متبادل طریقے کی وضاحت کی گئی ہے۔ اس سے متعلق ابتدائی تجربات چوہوں پر کیے گئے تھے، انسانوں پر کلینیکل آزمائش نہیں ہوئی۔

امریکا میں کمپنی کا ’پرائم‘ مطالعہ بھی جاری ہے، جس میں این ون امپلانٹ اور اسے نصب کرنے والے روبوٹک نظام ’آر ون‘ کی حفاظت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس تحقیق کا ایک مقصد یہ جانچنا بھی ہے کہ مفلوج افراد اپنے دماغی امپلانٹ کے ذریعے بیرونی آلات کو کس حد تک چلا سکتے ہیں۔

2024 میں نیورالنک نے ’کانوائے‘ نامی تحقیق شروع کی تھی، جس میں یہ معلوم کیا جارہا ہے کہ آیا پرائم مطالعے میں شامل افراد اپنے امپلانٹ کی مدد سے جسمانی معاون آلات، بشمول روبوٹک بازو، کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔

کمپنی ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں یو ٹی ساؤتھ ویسٹرن میڈیکل سینٹر کے تعاون سے ’وائس‘ نامی تحقیق بھی کررہی ہے۔ اس کا مقصد شدید طور پر متاثرہ قوتِ گویائی رکھنے والے افراد کو دماغی اشاروں کے ذریعے تحریری پیغام یا کمپیوٹر سے تیار کردہ آواز میں بات چیت کرنے کے قابل بنانے کے امکانات جانچنا ہے۔

کینیڈا میں یونیورسٹی ہیلتھ نیٹ ورک کے ٹورنٹو ویسٹرن اسپتال میں ’کین پرائم‘ مطالعہ جاری ہے، جس کی منظوری ہیلتھ کینیڈا نے نومبر 2024 میں دی تھی۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں یونیورسٹی کالج لندن ہاسپٹلز کی سربراہی میں ’جی بی پرائم‘ کے نام سے ابتدائی تحقیق بھی کی جارہی ہے۔

نیورالنک بصارت سے محروم افراد کے لیے بھی اپنی ٹیکنالوجی کے استعمال پر کام کررہی ہے۔ اس مقصد کے لیے تیار کردہ ڈیوائس ’بلائنڈسائٹ‘ کو ستمبر 2024 میں امریکی ایف ڈی اے کی جانب سے بریک تھرو ڈیوائس ڈیزگنیشن بھی دی گئی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.