تازہ ترین

صدر زرداری سے بنگلا دیشی اسپیکر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

اسلام آباد: پاکستان اور بنگلا دیش نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، تعلیم، پارلیمانی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے بنگلا دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے زور دیا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات خودمختار مساوات، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر استوار ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، جبکہ دونوں ممالک مشترکہ تاریخ اور ثقافتی روابط رکھتے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پارلیمانی، تجارتی اور تعلیمی تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے زراعت، صنعت، غذائی تحفظ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ڈیجیٹل گورننس اور دفاع کے شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان زیر غور تقریباً 26 مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ انہوں نے بنگلا دیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے دورہ پاکستان کو دوطرفہ تعلقات میں مزید پیش رفت کا ذریعہ قرار دیا۔

صدر مملکت نے پارلیمانی روابط مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ قائم کرنے کی کوششوں کا بھی خیرمقدم کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.