وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ افغانستان سے تجارتی سرگرمیاں وہاں سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے باعث معطل ہیں، پاکستان بارہا افغان حکام کو شواہد فراہم کر چکا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔
اسلام آباد میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام چوتھی بین الاقوامی فوڈ ایگ نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال نے کہا کہ پاکستان کسی ملک کے ساتھ جان بوجھ کر تعلقات خراب نہیں کرتا، تاہم قومی سلامتی اور امن و امان کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مصدق ملک ایک کثیر جہتی انتظام کے تحت بھارت گئے ہیں، جبکہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ سکیورٹی اور امن و امان اولین ترجیح ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت سے زیادہ اہم قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔
بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کے حوالے سے وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان تجارت کے لیے تیار ہے، تاہم بھارت کو پہلے کشمیر کے مسئلے پر بات کرنا ہوگی۔
نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق سوال پر جام کمال نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں اس موضوع پر بحث جاری ہے اور مختلف سیاسی جماعتیں اپنے اپنے مؤقف پیش کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر وزیراعظم جو فیصلہ کریں گے، وہ اس پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
گندم کی دستیابی کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی طور پر صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، جبکہ وفاق صوبوں کی طلب پر پاسکو کے ذریعے گندم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو مشورہ دیا کہ وہ گندم کی ضروریات اور دستیابی سے متعلق اعداد و شمار کا ازسرنو جائزہ لیں، کیونکہ ان کے بقول صوبوں کے پاس اس حوالے سے درست ڈیٹا موجود نہیں۔
فوڈ ایگ پاکستان کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے جام کمال نے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کی زرعی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ ان کے مطابق رواں سال عالمی حالات کاروبار کے لیے چیلنجنگ رہے اور خدشہ تھا کہ بین الاقوامی خریداروں کی شرکت کم ہوگی، تاہم پاکستان کی زرعی و غذائی صلاحیت دیکھنے کے لیے توقع سے زیادہ مندوبین پہنچے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران عالمی سطح پر فریٹ چارجز، انشورنس اور دیگر تجارتی اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، اس کے باوجود نمائش میں عالمی شرکا کی آمد اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہ تجارتی روابط بحال اور مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
اس موقع پر یوگینڈا کی وزیر تجارت نے بھی نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فوڈ ایگ نمائش دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوگینڈا کو زرعی ویلیو ایڈیشن کے شعبے میں کام کرنے کی ضرورت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
فوڈ ایگ 2026 کی افتتاحی تقریب میں وفاقی و صوبائی وزرا، سیاسی شخصیات اور سفارت کاروں نے شرکت کی۔ نمائش میں 72 ممالک سے 820 بین الاقوامی مندوبین شریک ہیں، جبکہ 400 نمائش کنندگان اپنی مصنوعات پیش کر رہے ہیں۔