پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے اور موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جمہوری ری سیٹ ناگزیر ہو چکا ہے۔
کراچی میں سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت محدود وسائل کے باوجود نوجوان طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
تقریب کے دوران فراہم کردہ سرکاری تفصیلات کے مطابق اس ابتدائی مرحلے میں 16 سے 29 سال کی عمر کے 1 لاکھ نوجوانوں کو یوتھ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ یہ کارڈ ایک بینک کارڈ کی طرح ہوگا جو بین الاقوامی مالیاتی نظام سے منسلک ہوگا، جس کے ذریعے نوجوان باضابطہ معیشت کا حصہ بن سکیں گے۔ اس کارڈ کے توسط سے نوجوانوں کو اسکالرشپس اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں سبسڈی سمیت تمام مالی فوائد براہ راست فراہم کیے جائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سیاست دانوں پر زور دیا کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ترک کر کے عوام کو ریلیف دینے اور ملک کے حالات بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مستقبل میں مزید معاشی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے جن سے نبردآزما ہونے کے لیے قومی یکجہتی اور وسیع تر قومی اتفاق رائے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے شفاف نظام تشکیل دینا ہوگا تاکہ کرپشن کے راستے ہمیشہ کے لیے بند ہو سکیں۔