کوئٹہ: جنوبی پشتونخوا کے مرکزی تاریخی شہر کوئٹہ میں جنوبی پشتونخوا کے عوام کا قومی جرگہ جوش و خروش سے جاری ہے، جس میں مختلف اضلاع سے قبائلی عمائدین، سیاسی رہنماؤں، سماجی کارکنوں، علمائے کرام، وکلا، خواتین اور سول سوسائٹی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 4 ہزار سے زائد افراد شریک ہیں۔
قومی جرگہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی صدارت میں منعقد ہورہا ہے۔ جرگہ پشتونخوامیپ کی میزبانی میں محمود خان اچکزئی کی ہدایت پر جنوبی پشتونخوا کی موجودہ صورتحال اور مختلف اہم امور کے حوالے سے جاری ہے۔
جرگے میں جنوبی پشتونخوا کے اضلاع سبی، موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب، لورالائی، دکی، زیارت، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین اور کوئٹہ سے قبائلی عمائدین، سیاسی رہنماؤں، علما، وکلا، سماجی کارکنوں، خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں۔
جرگے کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جبکہ پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے افتتاحی خطاب کیا۔
جرگے کے مختلف سیشنز میں قبائلی، سیاسی، مذہبی، سماجی اور دیگر نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے جنوبی پشتونخوا کی صورتحال اور مختلف مسائل پر اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں۔
جرگے کے دوسرے روز بھی مختلف سیشنز کا سلسلہ جاری رہا، جس میں بڑی تعداد میں قبائلی عمائدین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق جنوبی پشتونخوا کا قومی جرگہ آج بھی جوش و خروش سے جاری ہے، جس میں عمائدین اپنی تجاویز پیش کر رہے ہیں، جبکہ جرگے کے اختتام پر آج مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔