تازہ ترین

مسجدِ اقصیٰ میں بن گویر کا دھاوا، یہودی عبادت گاہ بنانے کا عندیہ

0

مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بن گویر ایک بار پھر قابض فورسز کی سیکیورٹی میں مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہوگئے، جہاں انہوں نے یہودی مذہبی رسومات ادا کرنے کے ساتھ مستقبل میں یہاں یہودی عبادت گاہ قائم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

عرب میڈیا اور فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق بن گویر کے ہمراہ یہودی مذہبی پیشوا، آبادکار اور سیکیورٹی اہلکار بھی موجود تھے۔ انہوں نے مسجدِ اقصیٰ کے مشرقی حصے میں مذہبی رسومات اور عبادت کی۔

اس موقع پر بن گویر نے مسجدِ اقصیٰ میں یہودی عبادت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس مقام پر یہودیوں کے لیے مذہبی رسومات ادا کرنا سخت محدود تھا، تاہم وہ موجودہ صورتحال کو ایک بڑی تبدیلی سمجھتے ہیں۔

فلسطینی حکام کے مطابق مسجدِ اقصیٰ کے حوالے سے 1967ء سے قائم تاریخی انتظام کے تحت غیر مسلموں کو مسجد کے احاطے میں عبادت کی اجازت نہیں، تاہم انہیں مخصوص اوقات میں وہاں جانے کی اجازت حاصل ہے۔

بن گویر 2022ء میں وزیر برائے قومی سلامتی کا منصب سنبھالنے کے بعد متعدد مرتبہ مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں جاچکے ہیں اور ان کے دوروں پر فلسطینی قیادت اور مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آتا رہا ہے۔

فلسطینی حکام نے تازہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسجدِ اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کے خلاف اقدام قرار دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.