تازہ ترین

پاک فضائیہ کے شہدا کو قوم کا سلام، وزیراعظم اور صدر کا خراجِ عقیدت

0

یومِ فضائیہ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملکی فضائی حدود کے دفاع میں شاہینوں کی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں وزیراعظم اور صدرِ مملکت نے کہا کہ پاک فضائیہ نے مختلف مشکل اور جنگی حالات میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ مہارت اور برتری ثابت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ ایک قابلِ فخر قومی ادارہ ہے، جس کی تاریخ قربانی، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے عبارت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک کو ضرورت پڑی، پاک فضائیہ نے غیر معمولی عزم اور حوصلے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کیں۔

شہباز شریف نے ستمبر 1965 کی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے ہوا بازوں نے ملکی فضائی حدود کے تحفظ کے لیے بے مثال جذبے کا مظاہرہ کیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیراعظم نے مئی 2025 کے معرکۂ حق میں بھی پاک فضائیہ کے کردار کو نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے دیگر مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت کا ایک بار پھر بھرپور ثبوت دیا۔

ان کے مطابق پاک فضائیہ کی کامیاب کارکردگی جرأت مندانہ قیادت، جنگی عملے کی اعلیٰ حربی مہارت، مؤثر منصوبہ بندی، جدید ٹیکنالوجی اور جدید جنگی صلاحیتوں کے استعمال کا نتیجہ ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ برتری اور فضائی معرکوں میں اس کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاک فضائیہ نے فیصلہ کن کردار ادا کیا اور اپنی بہترین منصوبہ بندی، قیادت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ تعداد میں کم ہونے کے باوجود پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھرپور مقابلے کی اپنی شاندار روایت برقرار رکھی اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ دشمن کی طاقت خواہ کتنی ہی زیادہ ہو، وہ پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم اور صدرِ مملکت نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فضائیہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ ملکی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر وقت مستعد رہے گی اور مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بناتی رہے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.