قلات کے قریب قومی شاہراہ پر سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک اور 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرائے جانے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قلات کے قریب چمن-کراچی قومی شاہراہ N-25 پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد قومی شاہراہ پر عوام کی پُرامن آمدورفت متاثر کرنے، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کوششوں میں ملوث تھے، جنہیں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا۔
وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بیان کے مطابق ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھنے اور غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کا عزم برقرار ہے۔