تازہ ترین

صدر زرداری برطانیہ پہنچ گئے، طبی معائنے کا بھی امکان

0

ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری اپنے نجی دورے کے دوران لندن میں قیام کریں گے۔ ان کے برطانیہ میں تقریباً دو ہفتے رہنے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ قیام کے دوران صدر زرداری کا طبی معائنہ بھی متوقع ہے، جبکہ نجی مصروفیات کے ساتھ مختلف ملاقاتیں بھی ان کے شیڈول کا حصہ ہوسکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق لندن میں متعدد وفود کی جانب سے بھی صدر مملکت سے ملاقات متوقع ہے۔ آصف علی زرداری کے ہمراہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم حسین بھی برطانیہ گئے ہیں۔

صدر زرداری کا یہ دورہ اسلام آباد میں وکٹری میموریل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور آپریشن بنیان مرصوص کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔

صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے بھارتی فوج کے خلاف دیے گئے جواب کو ملک کی اہم کامیابی قرار دیا اور اس دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کشمیر کے تنازع سے متعلق اپنے خاندان کے کردار کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے والد حکیم علی زرداری بھی کشمیر جہاد میں شریک ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق صدر زرداری کے برطانیہ میں دو ہفتے قیام کے دوران مزید ملاقاتوں اور دیگر مصروفیات کا شیڈول سامنے آنے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.