سہیل آفریدی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں ملوث ہیں، پولیس رپورٹ عدالت میں پیش
پشاور: ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت پشاور میں رپورٹ جمع کرا دی ہے جس میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے کیس میں ملوث ہونے کی تصدیق کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ریڈیو پاکستان حملہ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے پولیس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔
پولیس رپورٹ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں ملوث ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، ذرائع نے بتایا۔
سماعت کے دوران پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹس بھی عدالت میں پیش کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ سماعت پر دیگر سرکاری محکموں کی رپورٹس اور فرانزک شواہد کی روشنی میں فریقین کے دلائل سنے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس رپورٹ عدالت میں جمع کرانے میں تاخیر ہوئی، تاہم اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت پر بالآخر رپورٹ پیش کردی گئی۔
عدالت نے پولیس رپورٹ پر فریقین کے دلائل سننے کے لیے سماعت 14 ستمبر 2026 تک ملتوی کردی ہے۔