تازہ ترین

مسعود پزشکیان نے مہرداد اخلاقی کتابچی کو وزیر دفاع کیلئے نامزد کردیا

0

تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے میزائل پروگرام سے طویل عرصے سے وابستہ تجربہ کار عہدیدار مہرداد اخلاقی کتابچی کو ملک کے نئے وزیر دفاع کیلئے نامزد کردیا ہے، جبکہ ان کی حتمی تقرری کیلئے پارلیمنٹ کی منظوری درکار ہوگی۔

مہرداد اخلاقی کتابچی کی نامزدگی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنگ کے آغاز کے بعد سے ایران کی وزارت دفاع قائم مقام وزیر کے ذریعے چلائی جارہی ہے۔

ایران کے سابق وزیر دفاع عزیز ناصرزادہ جنگ کے آغاز میں ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد مارچ کے اوائل سے وزارت دفاع کا قلمدان قائم مقام وزیر کے پاس ہے۔

مہرداد اخلاقی کتابچی طویل عرصے تک ایران کے میزائل پروگرام سے وابستہ رہے ہیں اور شہید باقری انڈسٹریل گروپ کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ مذکورہ گروپ کو ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے مبینہ تعلق کے باعث یورپی یونین نے پابندیوں کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔

دستیاب ریکارڈ کے مطابق اخلاقی کتابچی کو ان کے دفاعی عہدوں اور ایران کے میزائل پروگرام سے متعلق کردار کے باعث امریکی پابندیوں کا بھی سامنا ہے۔

ان کی نامزدگی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کے میزائل اور دفاعی پروگرام کو عالمی سطح پر پابندیوں اور دباؤ کا سامنا ہے، جبکہ تہران اور امریکا و اسرائیل کے درمیان کشیدگی بھی برقرار ہے۔

ایرانی صدر کی جانب سے نامزد کیے گئے نئے وزیر دفاع کو منصب سنبھالنے کیلئے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔ ارکان پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد مہرداد اخلاقی کتابچی باضابطہ طور پر وزیر دفاع کا عہدہ سنبھال سکیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.