آبنائے ہرمز میں برطانوی پرچم بردار آئل ٹینکر ڈرون کا نشانہ بن گیا
آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو درپیش سکیورٹی خطرات کے درمیان برطانوی پرچم بردار آئل ٹینکر ’لا سٹیفنی‘ کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان معمولی زخمی ہوگئے۔
برطانوی میری ٹائم سکیورٹی کمپنی کے مطابق ٹینکر خلیج کی جانب روانہ تھا کہ آبنائے ہرمز میں اسے ڈرون کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے واقعے کی ابتدائی اطلاع میں حملے کے ذریعے کو نامعلوم پروجیکٹائل قرار دیا ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق حملے میں ٹینکر کے عملے کے دو ارکان کو معمولی چوٹیں آئیں، تاہم جہاز کو شدید نقصان پہنچنے یا کسی ماحولیاتی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
حکام کے مطابق ٹینکر اپنی طاقت سے سفر جاری رکھتے ہوئے اگلی بندرگاہ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ واقعے کے بعد آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی سکیورٹی سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔